وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ کی زیرصدارت کورنگی کاز وے پل کی تعمیر، شاہراہِ بھٹو پر اضافی کاموں اور سہراب گوٹھ پر ٹریفک کے مسئلے کے حل کے لیے جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔
وزیراعلی نے کورنگی کاز وے اور سی بی ایم روڈ سے آنے والی ٹریفک کے لیے انڈر پاس کی تعمیر اور مختلف سمتوں سے آنے والی ٹریفک کو ایڈجسٹ کرنے کے لیے سڑک کی ساخت بہتر بنانے کے لیے 1 ارب روپے کے فنڈز مختص کیے۔
انہوں نے مرکزی چوراہے (راؤنڈ اباؤٹ)کے مجوزہ ڈیزائن کی منظوری دی جسے بعد ازاں موقع کی مناسبت سے مزید بہتر بنایا جائے گا۔
وزیر بلدیات سندھ سعید غنی نے لاگت 9.3 ارب روپے سے تعمیر ہونیو الے کورنگی کاز وے منصوبے پر بریفنگ دی جس میں بتایا گیا کہ پل اور اس سے منسلک لوپس کی تعمیر جاری ہے جبکہ 3000 کورنگی چوراہے پر ترقیاتی کام بھی اسی منصوبے کا حصہ ہے۔
شاہراہِ بھٹو کے حوالے سے وزیراعلی مراد علی شاہ نے سموں گوٹھ کے قریب فلائی اوور اور اس سے منسلک دیگر سڑکوں کے لیے تکنیکی منظوری دے دی۔
انہوں نے محکمہ منصوبہ بندی و ترقیات کو ہدایت کی کہ ایک ہفتے کے اندر تمام ضروری منظوریوں کو حتمی شکل دی جائے اور تعمیراتی کام فورا شروع کیا جائے۔
یہ اجلاس وزیراعلی ہاؤس میں منعقد ہوا جس میں سینئر وزیر شرجیل انعام میمن، ناصر حسین شاہ، سعید غنی، میئر کراچی مرتضی وہاب، معاونِ خصوصی قاسم نوید، چیف سیکریٹری آصف حیدر شاہ، پرنسپل سیکریٹری آغا واصف، کمشنر کراچی حسن نقوی، چیئرمین پی اینڈ ڈی نجم شاہ، سیکریٹری بلدیات خالد حیدر شاہ، ایڈیشنل آئی جی کراچی جاوید عالم اوڈھو، سیکریٹری ٹرانسپورٹ اسد ضامن، شاہراہِ بھٹو پراجیکٹ ڈائریکٹر نیاز سومرو اور دیگر حکام نے شرکت کی۔


