میئر کراچی بیر سٹر مرتضی وہاب نے کہا ہے کہ آج ہم نے ضلع ملیر کی عوام کے لیے 225 ملین روپے کی لاگت سے چار ٹریک پر مشتمل آٹھ کلو میٹر طویل سڑک کا سنگ بنیاد رکھ دیا ہے.
انہوں نے کہا کہ جس پر 225 ملین روپے لاگت آئے گی، یہ منصوبہ علاقے کے دیرینہ مسائل کے حل کے لیے شروع کیا جا رہا ہے، یہ منصوبہ چھ ماہ کے عرصے میں مکمل کیاجائے گا۔
میئر کراچی نے کہا کہ گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری کی آواز پر میں نے لبیک کہا تھا، گورنر سندھ نے وزیر اعظم پاکستان کو 100 ارب روپے کا خط لکھ دیا، جب فنڈ ملے گا تو پورے شہر میں ترقیاتی کاموں میں تیزی سے پیش رفت ہوگی۔
ان کا کہنا تھا کہ شہر کی دیواروں پر وال چاکنگ کے خاتمے کے لیے ایک مہینے کا وقت دے رہا ہوں، وال چاکنگ کو ایک مہینے میں صاف کیا جائے، ایک مہینے کے بعد پینٹ کرنے والے کے خلاف اور کروانے والے کے خلاف بھی کارروائی ہوگی،سندھ میں بجلی کی فراہمی کے لیے سولر پینل دینے کا فیصلہ کیا ہے۔
مرتضیٰ وہاب نے مزید کہا کہ کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن کے پمپنگ اسٹیشنز پر بھی بجلی کی عدم فراہمی سے مسائل کا سامنا تھا، ان کو بھی سولرائز کرنے کا فیصلہ کیا ہے، مرغی خانہ برج کی تعمیر کا سہرا پاکستان پیپلز پارٹی کے سر ہے، اور اب اس برج پر چار لین کا نیا پل تعمیر کیا جا رہا ہے۔


