وفاقی وزیرخزانہ کے مشیرخرم شہزادنے کہاہے کہ ملکی معیشت کودرست سمت میں گامزن کردیاگیاہے، اوسط مہنگائی کی شرح اور شرح سود بہت کم ہوگئی ہے،ٹیکس کے نظام کو بہتر بنایاجارہاہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو یہاں مقامی ہوٹل میں منعقدہ مینجمنٹ ایسوسی ایشن آف پاکستان (ایم اے پی) کی سالانہ کانفرنس بعنوان ”لیڈنگ چینج،فرام وڑن ٹو ایکسی لینس” میں سیشن کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مسائل اورمشکلات سے نکل کراب پائیداراستحکام اورنموکی راہ پرگامزن ہوچکے ہیں، مہنگائی میں نمایاں کمی آچکی ہے اور یہ سب حکومتی اقدامات کے نتیجہ ہے جس سے عوام کوریلیف ملاہے۔
مشیرخزانہ نے کہاکہ بلند شرح سود کی وجہ سے صنعتوں اورکاروبارکو مشکلات کاسامناتھا، شرح سود اس وقت 11فیصدہے اوراس سے صنعتوں کوسرمایہ کاری کرنے اورنئے قرضے لینے میں آسانیاں دستیاب ہوئی ہیں، اس سے روزگارکے مواقع پیدا ہوں گے۔
نہوں نے کہا کہ ملکی معاشی حالات بہتری کی طرف جارہے ہیں،معاشی استحکام کے بعد اب ٹیکس اورڈھانچہ جاتی اصلاحات پرعمل درآمدہورہاہے۔انہوں نے کہا کہ وقت کے ساتھ ساتھ حکومت تنخواہ دارطبقہ کو مزید ریلیف فراہم کرے گی۔
انہوں نے کہاکہ زرعی انکم ٹیکس کے حوالے سے چاروں صوبوں نے معیشت کوسیاست پرترجیح دی ہے یہ ایک بڑی کامیابی ہے۔خرم شہزاد نے مزید کہا ہے کہ پاکستان نے اقتصادی استحکام حاصل کر لیا ہے اور تمام معاشی اشارے مثبت اور درست سمت میں گامزن ہے جس کی تصدیق عالمی ادارے بھی کررہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت سرمایہ کاری کو آسان بنانے، کاروبار کرنے میں سہولت فراہم کرنے اور ڈھانچہ جاتی اصلاحات کے ذریعے پائیدار ترقی کو فروغ دینے کے لیے پرعزم ہے۔
ملکی معیشت کودرست سمت میں گامزن کردیاگیاہے:خرم شہزاد
کوئی تبصرہ نہیں ہے۔


