ایئرکرافٹ انجینئرز کے احتجاج کے باعث قومی ایئرلائن کی متعدد پروازیں تاخیر کا شکارہوگئیں، ، جس سے مسافروں کو مشکلات کا سامنا کرناپڑا۔
تفصیلات کے مطابق قومی ایئرلائن (پی آئی اے)کے ایئرکرافٹ انجینئرز کے احتجاج کے باعث فضائی آپریشن متاثر ہوگیا، مختلف شہروں سے پروازیں تاخیر کا شکار ہوگئیں۔
ایئرکرافٹ انجینئرز کی ہڑتال کے باعث مجموعی طور پر 6 پروازیں تاخیر سے روانہ ہوئیں۔
قومی ایئرلائن کی اسلام آباد سے دمام جانے والی پرواز پی کے 245 اور اسلام آباد سے جدہ جانے والی پرواز پی کے 741 ،6 گھنٹے تاخیر سے روانہ ہوئیں۔
اسی طرح کراچی سے جدہ جانے والی پرواز پی کے 761 بھی 10 گھنٹے تاخیر کا شکار رہی جبکہ پشاور سے دبئی جانے والی پرواز پی کے 283 ایک گھنٹہ تاخیر سے روانہ ہوئی۔
تاہم کراچی سے ٹورنٹو جانے والی پرواز پی کے 783 اور لاہور سے کراچی کی پرواز پی کے 303 مقررہ وقت پر روانہ ہوئیں۔
ترجمان پی آئی اے کے مطابق فلائٹ شیڈول کو معمول پر لانے کی کوششیں جاری ہیں اور احتجاجی معاملے کے حل کے لیے انتظامیہ اور انجینئرز کے درمیان مذاکرات ہو رہے ہیں۔خیال رہے پی آئی اے انتظامیہ اورایئرکرافٹ انجینئرز کے درمیان تنازع شدت اختیار کر گیا ، جس کے بعد ایئرکرافٹ انجینئرزنے طیاروں کی کلیرنس روک دی، جس کے بعد کئی پروازیں روانہ نہ ہوسکیں۔
سوسائٹی آف ایئرکرافٹ انجینئرز نے کہاکہ سی ای او کا رویہ ٹھیک ہونے تک کام نہیں کریں گے۔
ترجمان نے کہاکہ پی آئی انتظامیہ نے متبادل انجینئرز کی تلاش شروع کر دی ہے ، جلد تمام پروازیں روانہ کردی جائیں گی، سوسائٹی آف ایئرکرافٹ انجینئرزکی کوئی قانونی حیثیت نہیں ، تحریک کا بنیادی مقصد حتمی مراحل میں داخل ادارے کی نجکاری کوسبوتاژ کرناہے۔
انہوں نے کہاکہ پی آئی اے میں لازمی سروسز ایکٹ نافذ ہے جس کے تحت ہڑتال یا کام چھوڑنا قانونا جرم ہے، ایسی کارروائیوں میں مشغول یا پشت پناہی کرنے والوں کیخلاف کارروائی کی جائیں گی


