مکران کوسٹل ہائی وے پر جمعرات کی صبح کوچ اور ایل پی جی گیس کے ٹرک کے درمیان تصادم کے نتیجے میں سات افراد جھلس کر جاں بحق ہو گئے۔
حادثہ اتنا شدید تھا جھلس کر جاں بحق ہونے والے افراد کی لاشوں کو نکالنے میں دشواری پیش آئی ۔
ایدھی حکام کے مطابق یہ حادثہ صبح 8 بجے کے قریب پیش آیا جس کے بعد امدادی ٹیموں نے فوری طور پر موقع پر پہنچ کر لاشوں کو نکالنے کی کوششیں شروع کیں۔
حادثے کے بعد دونوں گاڑیوں میں آگ لگ گئی تھی جس سے سات افراد کی موت واقع ہوئی۔جاں بحق ہونے والوں کی لاشیں سہراب گوٹھ کے سردخانے منتقل کر دی گئیں۔
امدادی ٹیموں نے کوسٹل ہائی وے سے براستہ حب لاشوں کو سہراب گوٹھ سردخانے منتقل کیا۔ جاں بحق ہونے والوں میں دو سگے بھائی اور ان کا بھتیجا بھی شامل ہیں۔
جاں بحق ہونے والے بھائیوں کی شناخت شزادہ اور سعید انور اور بھتیجے کی شناخت انعام اللہ کے نام سے کی گئی ، یہ تینوں افراد وزیرستان کے علاقے ٹانک سے تعلق رکھتے تھے۔ ورثا کے مطابق یہ خاندان اپنی روزمرہ کی زندگی گزارنے کیلئے کراچی آ رہا تھا کہ ان کا یہ المناک حادثہ پیش آیا۔
اس حادثے میں مزید چار افراد کی شناخت ابھی تک نہیں ہو سکی ۔
حکام نے ان افراد کے بارے میں مزید تحقیقات شروع کر دیں تاکہ ان کی شناخت معلوم کی جا سکے۔حادثہ تیز رفتاری کے باعث پیش آیا، حادثے کی اطلاع پر فوری طور پر پولیس کی بھاری نفری اور امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچیں، مقامی افراد کی بڑی تعداد بھی آگئی، حادثے میں 7 افراد جھلس کر جاں بحق ہوگئے، حادثے کے باعث کوچ کو آگ لگ گئی جس کے شعلے دور دور تک دکھائی دینے لگے۔
امدادی ٹیموں نے لاشوں کو سراب گوٹھ کے ایدھی سرد خانے میں منتقل کر دیا، پولیس نے بھی حادثے کی تحقیقات شروع کر دی


