For Ads contact updatekarachi54@gmail.com
For Ads contact updatekarachi54@gmail.com
advertise 2advertise 1

مویشی منڈی کی تیاریاں شروع ، ایڈمنسٹریٹر سمیت دیگر ٹھیکے جاری

کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک)عید الاضحی سے2ماہ قبل تیسر ٹاؤن ناردرن بائی پاس پر قربانی کے جانوروں کے لیے قائم کی جانے والی عارضی مویشی منڈی2025 کے لیے18کٹیگریز پر مشتعمل ٹھیکوں کا ٹینڈر جاری کردیا گیا ہیں۔مویشی منڈی 2025میں جاری کیے گئے ٹھیکوں میں ایڈ منسٹریٹر، بجلی سپلائی،کار پارکنگ،پانی سپلائی،سافٹ ڈرنک،منرل واٹر سپلائی،چارہ سپلائی، برف سپلائی،ٹینٹ (شامیانے)سپلائی،آٹومیشن سروس، کیبن ہوٹل سروس،واٹرڈرم،بھل سپلائی،برانڈنگ اینڈایڈورٹائیزمنٹ،وٹرنری سروس،فیول سپلائی، رینٹ اے کار سروس،پری فیبریکٹرز کنٹینرز اور بیت الخلاء سمیت دیگر انتظامات کے لیے ٹھیکے جاری کیے گئے ہیں۔موشی منڈی انتظامیہ نے2کنٹینرز پر مشتمل عارضی موبائل دفتر بھی قائم کردیا ہے اسی طرح ٹریکٹر ٹرالی کے ذریعے صفائی ستھرائی کا کام تیزی سے جاری ہے،مویشی منڈی 2025کے لیے ایڈمنسٹریٹر کا فیصل برادرز کے چیف ایگزیکٹو (سی او) شہاب علی خان کو دیا گیا ہے۔بجلی کا ٹھیکہ اقبال امین،پانی کی سپلائی کا ٹھیکہ راجہ عدنان، بھالومٹی کا ٹھیکہ سعید برکی،ہوٹل کیبن کا ٹھیکہ رائو فیصل،کنٹینرز کا ٹھیکہ یاسر،برانڈنگ کے لیے عمیر سید،پارکنگ کا ٹھیکہ عدنان عتیق ، ٹینٹ (شامیانے) کا ٹھیکہ ندیم گولڈ نامی ٹھیکیدار کو دیا گیا ہے اسی طرح دیگر انتظامات کے لیے ٹھیکیداروں کے ناموں کا اعلان کردیا گیا ہے۔ مویشی منڈی میں الاٹ ہونے والے ٹھیکے داروں کو ورک آرڈر ملنا شروع ہوگئے ہیں۔ناردرن بائی پاس پر ایشیا کی سب سے بڑی مویشی منڈی سجنے کو تیار ہے اور اس سلسلے میں تیاریاں زور و شور سے شروع کردی گئی ہیں۔گزشتہ سا ل کی طرح اس سال2025میں بھی قربانی کے جانوروں کی خریداری کے لیے ایک نیا شہر آباد کیا جا رہا ہے۔ مویشی منڈی میں قربانی کے جانوروں، بیوپاریوں کی سہولت کے لیے پانی،چارہ،بجلی سمیت دیگر سہولیات 24گھنٹے فراہم کی جائے گی۔مویشی منڈی میں آئندہ چند روز میں پاکستان کے دیگر شہروں اور گاؤں سے جانوروں سے بھرے ٹرالر اور ٹرک مویشی منڈی پہنچے گے۔مویشی منڈی 2025کے لیے ایڈمنسٹریٹر کا ٹھیکہ حاصل کرنے والے فیصل برادرز کے چیف ایگزیکٹو (سی او) شہاب علی خان نے جسارت سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عارضی مویشی منڈی2025کا افتتاح 20تا 26اپریل کے درمیان کردیا جائے گا۔ مویشی منڈی جانوروں کو رکھنے کے لیے مختلف بلاکس کی زمینوں کو ہموار کرنے کا عمل شروع کردیا گیا ہے تمام سہولتوں سے آراستہ قربانی کے جانوروں کی عارضی مویشی منڈی تیسر ٹاؤن ناردرن بائی پاس پر لگائی جائے گی۔انہوں نے کہاکہ ماضی میں سہراب گوٹھ پر جب مویشی منڈی لگا کرتی تھی تو اس مویشی منڈی کو قائم کرنے والے بھی ہم ہی ہیں اور جو مویشی منڈی سے واقفیت رکھتے ہیں ان لوگوں کو اچھی طرح معلوم ہے کے 12برس قبل مویشی منڈی سب سے پہلے میں نے لگائی تھی اور 12سال تک سہراب گوٹھ مویشی منڈی کو بہتر اندز میں چلایا ہے اور اب دوبارہ سے ایک بار پھر ناردن بائی پاس پر لگنے والی مویشی منڈی 2025کے ایڈمنسٹریٹر کا ٹھیکہ مجھے ملا ہے۔اس بار موشی منڈی میں کراچی کے عوام کے لیے بہت ساری تبدیلیاں نظر آئیں گی اور منڈی آنے والے بیوپاریوں سمیت تمام لوگوں کو بہتر سے بہتر سہولت فراہم کی جائے گی۔اس بار کراچی کے عوام کے لیے اچھے فیصلے ہوں گے انہوں نے کہاکہ جب مویشی منڈی میں اسٹالز اور دیگر چیزوں کی قیمت زیادہ ہوگی تو جانور بھی مہنگی قیمت پر فروخت ہوتے ہیں کیونکہ سارے اضافے کا بوجھ جانور خریدنے والے پر ہو رہا ہوتا ہیں،اس بار جانور خریدنے والوں پر اضافی بوجھ کم ہونے کی امید ہے ،انہوں نے کہاکہ اس بار پارکنگ فیس سمیت دیگر چیزوں میں نمایاں کمی نظر آئے گی ، کراچی والے اپنے اہل خانہ کے ساتھ آئے اور وہی وقت سوچ کر آئے جس طرح آج سے 12سال پہلے آتے تھے آپ شہریوں کو مویشی منڈی میں گزشتہ سال کے مقابلے واضح فرق نظر آئے گا، انہوں نے کہا کہ مویشی منڈی کی تیاریاں آخری مراحل میں داخل ہیں۔ وی وی آئی پی، وی آئی پی اور جنرل بلاکس میں مجموعی طور پر 4 سے 5 لاکھ جانوروں کی گنجائش رکھی گئی ہے۔ ہماری پوری کوشش ہوگی کہ ہم اس دینی فریضہ کی ادائیگی کے لیے آنے والے خریداروں اور مویشیوں کے بیوپاریوں کو جانوروں کی خرید و فروخت میں زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کریں۔اسی طرح مختلف پولز پر بڑی لائٹس نصب کرکے پارکنگ، سیکورٹی کے بہترین انتظامات کیے جارہے ہیں۔ منڈی کے اطراف سیکورٹی کے لیے حفاظتی چوکیاں قائم کی جا رہی ہیں۔مویشی منڈی 2025ناردرن بائی پاس پرگزشتہ سال ہونے والی بارشوں کو مدنظر رکھتے ہوئے پہلے سے زیادہ بہتر اقدامات کیے جا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ایشیا کی سب سے بڑی مویشی منڈی کے قیام کے لیے 1000 ایکڑ سے زاید کا رقبہ مختص کیا گیا ہے جس میں وی وی آئی پی بلاک سمیت دیگر بلاکس قائم کیے جائیں گے۔اس کے علاوہ بیوپاریوں اور عوام کی سہولیات کے لیے مختلف اسٹالز، پارکنگ اور اے ٹی ایم مشینیں لگائی جائیں گی ۔

Share This Article
کوئی تبصرہ نہیں ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے