وزیر بلدیات سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ شہر میں پانی کی منصفانہ تقسیم کو ہر ممکن طور پر یقینی بنایا جائے۔ شہر میں طلب کے مقابلے رسد کی 50 فیصد سے زائد کی کمی کو منصفانہ تقسیم سے ہی کنٹرول کیا جاسکتا ہے۔
کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے سعید غنی نے کہا کہ کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن شہر میں موسم گرما میں پانی کی فراہمی کو ہر صورت یقینی بنانے کے لئے تمام وسائل کو بروئے کار لائے۔

اس موقع پر ایڈیشنل چیف سیکرٹری لوکل گورنمنٹ سندھ سید خالد حیدر شاہ، چیف ایگزیکٹو آفیسر(CEO) احمد علی صدیقی، چیف آپریٹنگ آفیسر(COO) اسد اللہ خان، چیف انجنئیر ظفر علی پلیجو و دیگر بھی موجود تھے۔
سعید غنی نے کہا کہ شہر میں پانی کی منصفانہ تقسیم کے نظام کو بہتر سے بہتر بنایا جائے۔ سعید غنی نے کہا کہ موسم گرما میں پانی کی طلب میں اضافے کے باعث عوام کو پانی کی رسد بلاتعطل جاری رہے اس کے لئے تمام اقدامات کو بروئے کار لایا جائے۔
انہوں نے کہا کہ شہر میں پہلے ہی پانی کی طلب اور رسد میں نصف کی کمی کا سامنا ہے تاہم اگر منصفانہ تقسیم کی جائے تو اس سے نبردآزما ہویا جاسکتا ہے۔
اس موقع پر سی ای او واٹر کارپوریشن احمد علی صدیقی نے کہا کہ پانی کی منصفانہ اور بلا تعطل فراہمی کے لئے کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن تمام اقدامات کررہا ہے


