ڈی سی ساؤتھ جاوید نبی کھوسو اور ایس ایس پی ضلع ساؤتھ جناب مہظور علی کی مشترکہ زیر صدارت محرم الحرام کے انتظامات کے حوالے سے ایک اہم اجلاس ڈی سی ساؤتھ آفس میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں امن و امان کی صورتحال، سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات، صفائی ستھرائی، پانی کی فراہمی، اور ٹریفک کی روانی سمیت دیگر اہم امور پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔
اجلاس میں پولیس، رینجرز، ضلعی انتظامیہ، میونسپل اداروں، ٹریفک پولیس، امام بارگاہوں کے منتظمین اور دیگر متعلقہ اداروں کے افسران نے شرکت کی۔ اجلاس کا مقصد محرم الحرام کے دوران شہریوں کو پُرامن اور محفوظ ماحول کی فراہمی کو یقینی بنانا تھا۔
ڈی سی ساؤتھ جاوید نبی کھوسو نے اس موقع پر کہا کہ ضلعی انتظامیہ تمام دستیاب وسائل بروئے کار لاتے ہوئے مجالس اور جلوسوں کے دوران شہریوں کو ہر ممکن سہولت فراہم کرے گی۔ انہوں نے شرکاء کو یقین دلایا کہ امام بارگاہوں کے منتظمین کے تمام جائز مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں گے۔
ایس ایس پی ضلع ساؤتھ جناب مہظور علی نے محرم الحرام کے دوران سیکیورٹی پلان پر تفصیل سے روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ تمام جلوسوں کے روٹس پر اضافی پولیس نفری تعینات کی جائے گی، حساس مقامات کی سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے نگرانی کی جائے گی، جبکہ امن و امان کو یقینی بنانے کے لیے پولیس اور قانون نافذ کرنے والے دیگر ادارے مکمل الرٹ رہیں گے۔


